وزیر اعظم عمران خان معاشرے سے بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی سے گفتگو

46

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان معاشرے سے بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان پاکستان کے ایک باہمت اور دیانتدار رہنما ہیں اور بدعنوان عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کرپشن و بدعنوانی کے خلاف جدوجہد پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سینٹ کے ووٹ خریدنے کے لئے بھاری رقم استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے اپوزیشن جماعتوں کے تمام خواب چکنا چور ہوگئے، اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ سے اعتماد کے ووٹ لینے کے وزیر اعظم عمران خان کے جرأتمندانہ فیصلے کے بعد دھول چاٹنا پڑی۔

سینیٹ ٹکٹ دینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کچھ اراکین کو تحفظات تھے، ہم نشستوں کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے سینیٹ کا انتخاب لڑنے کے خواہشمند ہر فرد کو ٹکٹ فراہم نہیں کرسکتے تھے۔

پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے ایجنڈے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں ملکی نظام کو پٹڑی سے اتارنے کے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی اور مستقبل میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔