لاہور۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں ناموس رسالتﷺ کے لئے آواز بلندکی ماضی میں کسی بھی حکمران نے نہیں کی، جس طرح تحریک لبیک کی جانب سے حالیہ احتجاج میں پولیس پر تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی،جس بہادری، برداشت اور فرض شناسی سے پولیس نے اس بدامنی میں امن و امان کے قیام کے لئے قربانیاں دیں وہ لائق تحسین ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھے ، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی صورت بھی نہیں دی جائے گی، میں پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن وامان کو بحال رکھا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب ناموس رسالت کے لئے کٹ مرنے کے لیے تیار ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کے لئے آواز اٹھائی، اسلام دشمن قوتوں کو چیلنج کیا ماضی میں کسی بھی حکمران نے نہیں اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ جب کچھ یورپی ممالک میں توہین رسالت کے واقعات ہوئے تو اس وقت ایک آواز جو مسلم دنیا سے بلند ہوئی وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ترکی کے صدر طیب اردگان کی تھی، ایک ایسا ملک اور ایسی حکومت جو ناموس رسالت کے لئے جان چھڑکتی ہو اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کرہی ہو ،
عالم کفر کو باور کروا رہی ہو کہ مسلمان مر مٹ سکتے ہیں لیکن ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کر سکتے ، کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ حکومت اپنے ملک میں ناموس رسالت پر پہرہ نہ دے، احتجاج کی آڑ میں اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچانا، شہریوں کے لئے پریشانی پیدا کرنا ،جلائو، گھیرائواور اداروں پر حملہ کرنا غداری کے زمرہ میں آتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، ڈائیلاگ اور مذاکرات سے ہی تمام مسائل کا حل ہوتا ہے اور اس معاملہ پر بھی مذاکرات ہو رہے تھے لیکن اس دوران پرتشدد رویہ اختیار کیا جانا انتہائی افسوس ناک امر تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا ملک ہے اس کی بہتری کے لئے ہم نے مل جل کر کام کرنا ہے ، ہم اگر اسی طرح اپنے ہی ملک میں جلائو ‘گھیرائواور املاک جلائیں گے تو اس سے اسلام دشمن قوتوں کو کیا فرق پڑے گا ،
نقصان تو ہمارا اپنا ہی ہو گا، اسلام دشمن قوتیں تو اتنا نقصان شاید ہی نہ کر سکیں جتنا ہم خود اس طرح کے واقعات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھے ، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی صورت بھی نہیں دی جائے گی، میں پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن وامان کو بحال رکھا، پرتشدد احتجاج میں 600 سے زیادہ پولیس کے نوجوان زخمی اور کچھ شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ دنیا بھر میں موجود اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکے، وزیر اعظم عمران خان اپنی دوراندیشی سے دنیا بھر میں ان قوتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہمیں بحیثیت پاکستانی ان کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔