وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 3 سے 6 فروری 2022 تک چین کا دورہ کریں گے

115
وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 3 سے 6 فروری 2022 تک چین کا دورہ کریں گے

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 3 سے 6 فروری 2022 تک چین کا دورہ کریں گے۔

کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روزہ دورے کے دورا ن وزیراعظم عمران خان ،صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے ملاقات کرینگے ۔

پاکستان اور چینی رہنما ملاقاتوں میں سی پیک سمیت مستحکم تجارتی اور بالخصوص اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ پاکستانی اور چینی رہنماء اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزیر اعظم بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم اس موقع پر دیگر دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ایک عالمی ایونٹ کے طور پر، سرمائی اولمپک گیمز کا دنیا کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، شمولیت اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ہے۔ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا۔

یہ بات انتہائی قابل تعریف ہے کہ چینی حکومت نے کوڈ 19 وبائی امراض کے باوجود سرمائی اولمپک گیمز کے انعقاد کے لیے محتاط انتظامات کر رکھے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے دو طرفہ عزم کی تجدید کرے گا اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دے گا۔اس دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔