وزیر اعظم عمران خان کا احساس سیلانی لنگر خانہ سکیم کے افتتاح کے موقع پر خطاب

469

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے مستحق، نادار اور کمزور طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان ایک فلاحی ریاست کا قیام ہوگا، نچلے طبقے کو اٹھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، امیروں سے ٹیکس وصول کرکے غریبوں پر خرچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں احساس سیلانی لنگر خانہ سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کو یہ نیک کام شروع کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، خوش قسمت لوگ اللہ کے نیک کام کی طرف راغب ہو تے ہیں، اللہ تعالیٰ نیک کام کرنے والوں کے دلوں میں سکون پید اکرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب کینسر ہسپتال شروع کیا تو بہت خوش قسمت لوگوں سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غریبوں، نادار اور کمزور طبقوں کی خدمت کرنا سب سے بڑی نیکی ہے، احساس پاکستان کی تاریخ کا غربت ختم کرنے کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں اور خواتین کو روزگار اور قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پہلے مرحلے میں 112 لنگر خانے کھولے جائیں گے۔ یہ لنگر خانے ان علاقوں میں کھولے جائیں گے جہاں محنت کش، بیروزگاری اور بھوک کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے، مشکل وقت ہے لیکن ہمیں کمزور طبقے کا احساس ہے، کوشش ہے کہ لوگ بھوکے نہ رہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ریاست مدینہ کی طرز پر پروگرام شروع کررہے ہیں، ریاست مدینہ میں کمزور طبقہ کی ذمہ داری ریاست لیتی ہے اور یہ فلاحی ریاست ہوتی ہے، ریاست مدینہ قرآن و سنت کی عملی تصویر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں کمزور طبقے کا احساس موجود تھا، ریاست مدینہ پہلے دن وجود میں نہیں آئی بلکہ مرحلہ وار جدوجہد کے نتیجے میں یہ ریاست وجود میں آئی جس کا مقصد عوامی و سماجی فلاح وبہبود تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے غریب غریب تر اور امیر امیر ترین ہورہا ہے، غریب ٹیکس دیتا امیر ٹیکس نہیں دیتا، چاہتے ہیں کہ امیروں سے ٹیکس لیں اور غریب پر خرچ کر یں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ کاروباری طبقے کو اوپر اٹھائیں، کاروبار کو فروغ ملنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو ںگے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام میں سیلانی ٹرسٹ کو بھی شامل کیا جائے گا، نیا پاکستان فلاحی ریاست بنے گی، نیا پاکستان کے لئے جدوجہد جاری ہے، بتدریج ملک میں تبدیلی آئے گی، 70 سال کے مسائل کو حل کرنے میں کچھ وقت لگے گا، کمزور طبقات کی مدد کرنے سے ملک میں برکت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لئے پناہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں، ہپستالوں اور پولیس کے نظام میں بہتری لا رہے ہیں، نادار طبقات تک کھانا پہنچانے کے لئے لنگر خانوں کی تعداد میں اضافہ کاسلسلہ جاری رہے گا، پسماندہ طبقات کے لئے احساس پروگرام کے تحت مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی سماجی تحفظ اور غربت کا خاتمے کی خصوصی معاون اور احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دل میں محنت کشوں کا خاص احساس رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم نے پہلے غریبوں کو چھت فراہم کرنے کے لئے پناہ گاہیں قائم کرنے کاکام شروع کیا اور اب غریبوں کے لئے احساس لنگر سکیم شروع کی ہے۔ اگلے سال ملک بھر میں 112 لنگر خانے شروع کئے جائیں گے جہاں مستحق افراد کو عزت و احترام سے کھانا فراہم کیا جائے گا۔ سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروق قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریبوں اور پسماندہ طبقات کا درد اور احساس اپنے دل میں رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم ریاست مدینہ کے تصور کی عملی تعبیر کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اس معاملے پر ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔