اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیربرائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب تاریخی ہو گا’ مسئلہ کشمیر پر عمران خان تاریخ کے سب سے مضبوط وکیل بن کے سامنے آئیں گے’انھوں نے اس مسئلے پر ہمیشہ واضح موقف اپنایا ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو جاری اپنے بیان میں کیا۔انھوں نے کہا کہ بھارت کو 27 فروری کا دن کبھی نہیں بھولنا چاہیے،امن کا جواب امن سے جبکہ جارحیت کی صورت میں سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات کشمیریوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں، دیکھنا ہو گا کہ مودی کی ہندو انتہا پسند اور فاشسٹ حکومت بھارتی سپریم کورٹ کے حکم نامے پر کس حد تک عمل کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی متحرک سفارت کاری کے باعث بھارت پر دبائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ انسانیت سوز مظالم کے واقعات میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سنجیدہ سیاسی قیادت متحد ہے۔انھوں نے کہا کہ نام نہاد آزادی مارچ مولانا فضل الرحمن کو پاکستانی قوم کے سامنے بے نقاب کرے گا،باشعور پاکستانی عوام مولانا فضل الرحمن کے ذاتی ایجنڈے کو ناکام بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور انھیں حق خود ارادیت دلوانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔