اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کو ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل محمدعارف ملک نے منشیات سمگلنگ کی روک تھام اور اے این ایف کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ پیر کو وزیراعظم عمران خان نے اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کا دورہ کیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل محمد عارف ملک، ہلال امتیاز(ملٹری) نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی جس کے بعد انہوں نے اے این ایف کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز کی عمارت کا دورہ بھی کیا۔ڈی جی اے این ایف نے وزیراعظم کومنشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق کئے جانے والے اے این ایف کے آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ بریفنگ کے دوران ڈی جی اے این ایف نے وزیراعظم کو منشیات کی بین الاقوامی و علاقائی صورتِ حال اور معاشرے پر اس کے مضر اثرات، اے این ایف کی حکمتِ عملی اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کو یقینی بنانے، در پیش مسائل اور فورس کی محکمانہ تعمیر و ترقی کی منصوبہ سازی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے سال 2019اور 2020 کے دوران منشیات کی ریکارڈ مقدار قبضے میں لینے پر اے این ایف کی کاوشوں کوسراہا۔ وزیر اعظم نے اے این ایف کے اعلیٰ افسران، پاکستان میں موجود مختلف ممالک کے ڈرگ لیزان افسران اور اے این ایف کے یوتھ ایمبیسڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی پیداوار اور فروخت میں ملوث عناصر ملک اور معاشرے کے لئے بڑا خطرہ ہیں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ناگزیرہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے ذریعے بنایا جانے والا پیسہ ناجائز ہے اس کے باوجود اس ذریعہ سے پیسہ بنانے والوں کو معاشرے کا تسلیم کرنا بدقسمتی ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منشیات کے عادی افراد پورے خاندان کی تباہی کا سبب بنتے ہیں۔ طلبا میں منشیات کا بڑھتا رجحان تشویشناک ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کو اپنی آنے والی نسلوں پر منفی اثرات ڈالنے اور ان کو تباہ کرنے کی کسی قیمت اجازت نہیں دیں گے۔منشیات کے خلاف آگاہی مہم کو مزید تیز کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اور منشیات کے خلاف جلد ہی تمام وزارتوں اور سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کر کے مزید جذبے سے اس برائی کا جڑ سے خاتمہ کریں گے۔ آخر میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کے اے این ایف کو درپیش چیلنجز اور استعداد میں کمی سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے منشیات کے خلاف موثر طریقے سے نمٹنے اور محکمے کی پیشہ ورانہ ضروریات کو پوراکرنے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔