وزیر اعظم عمران خان کا تشدد کا شکار ہونے والوں کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

120

اسلام آباد ۔ 26 جون (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا مرتکب ہونے پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ جمعہ کو تشدد کا شکار ہونے والوں کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن وہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کرنے والے بھارت کا محاسبہ کیا جائے جو خواتین، بچوں اور جوانوں پر پیلٹ گن کا استعمال کر رہا ہے۔ جنسی حملوں کا ارتکاب کر رہا ہے اور برقی جھٹکوں سے انہیں موت کی نیند سلانے سمیت ان پر بد ترین ذہنی و جسمانی تشدد آزما رہا ہے۔ وزیرا عظم نے کہا کہ ہندوتوا کی پیروکار قابض مودی سرکار کے حکم پر غاصب بھارتی افواج کے ہاتھوں کی جانے والی بربریت کی یہ داستانیں اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کے ریکارڈ پر ہیں اور انسانی حقوق اور عالمی قوانین کے صریحاً خلاف ان بھارتی مظالم پر مسلسل خاموشی کو عالمی برادری کی طرف سے قبول نہیں کیا جانا چاہئے۔