وزیر اعظم عمران خان کا ممتاز کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

کراچی۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کے حکومت ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شراکت دار بنانا چاہتی ہے تاکہ ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا عمل ایک ساتھ چلے۔غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع اسی وقت بڑھ سکتے ہیں جب سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر چلیں۔ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی …

کراچی۔ 27 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کے حکومت ترقیاتی منصوبوں میں پرائیویٹ سیکٹر کو شراکت دار بنانا چاہتی ہے تاکہ ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا عمل ایک ساتھ چلے۔غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع اسی وقت بڑھ سکتے ہیں جب سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر چلیں۔ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے ۔ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ممتاز کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر بحری امور سید علی زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور سینئر افسران موجود تھے۔ اسی طرح ممتاز کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کے وفد میں عدنان اسد صدر امریکن بزنس کونسل، یاور علی چیئرمین پاکستان بزنس کونسل، احسن ملک سی ای او پاکستان بزنس کونسل، سراج قاسم تیلی، آغا شہاب صدر کراچی چیمبر، عارف حبیب، مرزا افتخار بیگ، خالد مسعود، زاہد سید اور دیگر شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ ملک کی معاشی ترقی میں ایک اہم ستون کا درجہ رکھتا ہے۔ حقیقی ترقی پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے سرمایہ کاری سے ہی ممکن ہے۔ حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر پوری توجہ دے رہی ہے جس کی تائید عالمی بینک نے بھی کی ہے۔ اس ضمن میں پاکستان دنیا میں 28 درجے اوپر چلا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ بین الاقوامی ادارے بشمول موڈیز نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم قرار دیا ہے۔ حکومتی معاشی ٹیم انتھک محنت کر رہی ہے اور کاروباری طبقے کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے میں دن رات مصروف ہے۔ ہمارے دروازے آپ کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔ ہم نے حکومت سنبھالنے کے ساتھ ہی آپ سے مشاورت کا عمل شروع کیا اور یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔ کاروباری شخصیات اور تاجر برادری کی تجاویز حکومت کے لئے اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی اور روزگار کے مواقع اسی وقت بڑھ سکتے ہیں جب سرمایہ کار حکومت سے ہاتھ میں ہاتھ ملا کر چلیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں بھی پرائیویٹ سیکٹر کو شراکت دار بنانا چاہتی ہے تاکہ ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کا عمل ایک ساتھ چلے۔ ہمارے لئے یہ بات خوش آئند ہے کہ سرمایہ کار حکومت کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں۔ وفد نے حکومت کی ٹیکس اصلاحات اور دیگر پالیسیوں پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید خبریں