وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ سندھ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، شاہ محمود قریشی کا سانگھڑ میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب

143

سانگھڑ ۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین ووزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا نظریہ سندھ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا سکتا ہے، تحریک انصاف کا مشن پاکستان کو خود مختا ر،مستحکم اور خوشحال بنانا ہے، ہمارا قائد ملکی مفاد کا سودا نہیں کرتا۔

سانگھڑ میں سندھ حقوق مارچ کے پانچویں روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو شکست دینے کیلئے سانگھڑ والوں کو فارمولا دے رہا ہوں کہ سانگھڑ کی غوثیہ جماعت، پیر صاحب پگاڑا کی حر جماعت اور عمران خان کا پاکستان بچانے کا نظریہ جمع کر دو تو سانگھڑ سے پیپلز پارٹی کا صفایا کیا جا سکتا ہے، میں سیاسی حکیم ہوں، بہترین نسخہ دیکر جا رہا ہوں ، پیر صاحب پگاڑا نے مجھے جو عزت دی تھی اسے کبھی نہیں بھول سکتا ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پانچ دن سے سندھ حقوق ریلی کی قیادت کر رہا ہوں اور سندھ میں اپنے لئے نہیں آیا بلکہ سندھ کے عوام کے حقوق کیلئے آ یا ہوں ، سندھ کے لوگ 15سال سے پیپلز پارٹی کے جال میں پھنسے ہوئے ہیں ۔

سندھ کے لوگو اس جال سے آزادی چاہتے ہو تو ہمارے ساتھ چلو، نوجوانو سندھ کے نااہل حکمرانوں اور سندھ کے وسائل کو لوٹنے والوں سے حساب لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ د و۔وزیر اعظم عمران خان سندھ اور پاکستان کی لوٹی ہوئی رقم کو واپس لانے کیلئے جنگ لڑ ر ہے ہیں اور ان شاء اللہ سندھ کا پیسہ سندھ کے عوام پر لگائیں گے۔