اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان آج بدھ کو پاکستان کے حوالے سے سٹریٹجی ڈائیلاگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ اس ڈائیلاگ کااہتمام ورلڈ اکنامک فورم نے کیا ہے۔ ڈبلیو ای ایف کے صدر ، بورج برینڈے ، اور معروف بین الاقوامی کارپوریشنز اور ڈبلیو ای ایف کی شراکت دارکمپنیوں کے چیئر پرسنز و سربراہ ڈائیلاگ میں حصہ لیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک روزہ سی ایس ڈی کے سیشنز میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، اقتصادی امور کے وزیر مخدوم خسرو بختیار ، اور وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر اور عالمی کاروباری رہنما معیشت ، خزانہ ، سرمایہ کاری ، تجارت ، مینوفیکچرنگ ، ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپ ، علاقائی رابطوں اور سی پیک سمیت دیگر موضوعات پر تفصیلی اظہار خیال کریں گے۔سی ایس ڈی کاآخری سیشن "پاکستان میں توانائی کی منتقلی کی ترجیحات اور چیلنجز” سے متعلق ایک گول میز کا انعقادِ شامل ہے جس کی سربراہی وزیر توانائی عمر ایوب ، مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور مشیر پیٹرولیم ندیم بابر مشترکہ طور پر کریں گے۔ڈبلیو ای ایف کے صدر ، منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں سی ایس ڈی کا ہر سیشن عالمی کارپوریشنز اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سی سی اوز کو یہ موقع فراہم کرے گا کہ وہ ملک میں دستیاب وسیع کاروباری ،سرمایہ کاری اور موجودہ حکومت کے معاشی اصلاحات کے لئے مختلف اقدامات کے مواقع سے فایدہ اٹھانے کئے پاکستان کی اعلی قیادت سے براہ راست بات چیت کرسکے۔ سی ایس ڈی ابھرتی ہوئی معیشتوں اور ترقی کے راستے پر گامزن ممالک کے لئے ڈبلیو ایم ایف کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ سی ایس ڈی اس سال کا دوسرا ایونٹ ہے جس کا اہتمام ڈبلیو ای ایف نے پاکستان کے لئے کیا ہے۔