اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے بدھ کو ٹیلی فون کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بحرین کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیااور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں وزرا اعظم نے کووڈ۔19 کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کے درمیان ہمیشہ سے موجود مضبوط روابط کے فروغ کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے بحرین کے ولی عہد کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات آئندہ آنے والے سالوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کےتبادلوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔