وزیر اعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد پاکستان واپسی پر سعودی ولی عہد کی جانب سے خصوصی طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلانے کی رپورٹ من گھڑت ہے ، حکومتی ترجمان

81

اسلام آباد ۔ 6 اکتوبر (اے پی پی) حکومتی ترجمان نے وزیر اعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد پاکستان واپسی پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے خصوصی طیارے کو کینیڈا سے واپس نیویارک بلائے جانے کی رپورٹ کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ اتوار کو یہاں جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ویکلی میگزین میں اس حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ سراسر غلط ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں ۔ترجمان نے کہا کہ یہ رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کی نیویارک میں ترکی اور ملائشیا کے رہنماﺅں سے ملاقاتوں کے بارے میں دی گئی رپورٹ کی طرح بے بنیاد اور خود ساختہ کہانی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انتہائی خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں،مذموم مقاصد کے حامل لوگ ہی ایسے من گھڑت اور بے بنیاد مفروضے قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دواسلامی ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی مایوسی کی عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا کہاسمضمون کا مقصد وزیر اعظم عمران خان کے نیویارک میںعالمی لیڈروں سے کامیاب بات چیت کو نیچا دکھانا ہے جس میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے ان کے خیالات اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار کی جانب توجہ دلائی گئی جسے عالمی سطع پر تسلیم کیا گیا اور اس بیانیہ نے مسلم دنیا کے دل جیت لئے۔ ترجمان نے کہا کہ اس مضمون کی اشاعت کا مقصد مذموم سیاسی مقاصد کے لئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات میں پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کو سبوتاژ کرنا ہے ۔