لاہور۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے وزیر اعظم عمران خان کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں،وہ بحرانوں سمیت تمام مسائل سے سرخرو ہوکر نکلیں گے، سب ادارے اور حکومت ایک پیج پر ہیں،حدیبیہ پیپر ملز کیس دو سے تین ہفتے میں دائر کردیا جائے گا،جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا،کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی،پارٹیوں میں گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں جن کو ہمیں دور کرنا چاہئیے،اپوزیشن وزیر اعظم کونہیں پکڑ سکتی، وہ جمعرات کے روز ایف آئی اے ریجنل آفس کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں آیا ہے جس پر وہ 15یوم میں اپیل کرسکتے ہیں یا خود بھی وزارت داخلہ میں پیش ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ای سی ایل میں پانچ لوگ مفرور ہیں جبکہ 14ملزمان میں سے 4سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا بھر میں اپوزیشن لیڈر اپنے وطن آتے ہیں لیکن یہ یہاں سے بھاگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے موت کے تختے پر بھی لٹکنا پڑے ملک سے نہیں بھاگوں گا ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز خود کہتی ہیں کہ انہیں بورڈنگ کارڈ بھی مل جائے تو وہ نہیں جائیں گی،نواز شریف کے کیس میں زبردست پلان اور میڈیکل رپورٹ تھی اور میڈیا کو آرگنائز کیا گیا اس وقت میں بھی ان 14وزرا میں شامل تھا جو ان کے باہر بھیجنے میں حق میں تھے،تحریک لبیک پاکستان کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ سے اس حوالے سے کمیٹی کی آئندہ اجلاس میں منظوری ہوجائیگی جس کے بعد وہ قانون کے تحت کمیٹی میں پیش ہوسکتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ شوگر اور منی لانڈرنگ کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں اور انہیں یہ اسائنمنٹ وزیر اعظم نے دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ ن لیگ اس وقت دو پارٹیاں ہیں جن میں سے ایک شہباز شریف کی پارٹی ہےاور دوسری نواز شریف اور مریم نواز کی پارٹی ہے جس نے ان کو یہاں تک پہنچایا ہے اور مزید تباہی کی طرف لے جائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری پیشین گوئیاں سچ ثابت ہوئیں۔ پی ڈی ایم کہا ں گئی سب ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی،میری سب سے زیادہ ہمدردی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہے، انہیں اب بھی کہوں گا کہ آئیں ان کو اکیس توپوں کی سلامی دیں گے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو کہوں گا یہ اپوزیشن ان کو نہیں پکڑ سکتی۔شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جتنی محنت کررہے ہیں اس کا نتیجہ اللہ کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مافیا کا خود مقابلہ کررہے ہیں اور ہمارے پاس کام کرنے کا ایک ہی سال ہے کیونکہ چوتھے سال کے بعد پانچواں سال الیکشن کا سال ہوتا ہے ۔
ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ علی ظفر کو اپنی رپورٹ جمع کروادینی چاہئیے چاہے ادھر ہو یاادھر ہو،انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت مہنگائی کا مسئلہ درپیش ہے لیکن شوکت ترین کو گزارش کی ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے جس کیلئے اقدامات ضروری ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی جس میں سیاسی و دیگر امور پر گفتگو ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کسی کیخلاف انتقامی کارروائی کررہے ہیں نہ کرنا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کے محکموں میں تبادلوں کی پالیسی بنائی ہے کیونکہ ایک ہی عہدہ پر 18سال سے لوگ بیٹھے ہیں اس طرح سائبر کرائم کی صورتحال بھی خراب ہے،سائبر ونگ کو مزید فعال کرہے ہیں جبکہ تفتیشی نظام کو بھی مربوط بنا رہے ہیں ،کیونکہ تفتیش اتنی مضبوط ہو کہ ملزمان کو عدالتوں سے سزا مل سکے،اس سلسلہ میں اسلام آباد کے سائبر ونگ کو پہلے دیکھوں گا۔