وزیر اعظم عمران خان کی سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا پاکسے کے ساتھ ون آن ون ملاقات ،دوطرفہ اورعلاقائی اہمیت کے امور پرتبادلہ خیال

72

کولمبو۔23فروری (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا پاکسے کے ساتھ ون آن ون ملاقات کی جس میں دوطرفہ اورعلاقائی اہمیت کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سری لنکا کے وزیر اعظم کے دفتر ٹیمپل ٹریس میں منعقدہ اجلاس میں متنوع شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری،صحت اور تعلیم ، زراعت ، سائنس اور ٹیکنالوجی ، سیکیورٹی ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے منگل کی سہ پہر بندرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان گذشتہ سال صدر گوٹبیا راجپاکسہ اور وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سری لنکا کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ حکومت ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔وہ اپنے سری لنکا کے ہم منصب کی دعوت پر سری لنکاکا دورہ کر رہے ہیں۔