اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے اور اس حوالے سے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور آنے والے مہینوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بتدریج کمی ہو گی۔ نجی …
وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے، وفاقی وزیر اسد عمرکی نجی ٹی وی چینل میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے اور اس حوالے سے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور آنے والے مہینوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بتدریج کمی ہو گی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں توانائی کی ٹیم عوام کیلئے بجلی اور گیس کی قیمتوں کو برقرار رکھنے اور صنعتوں میں بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے پر کام کر رہی ہے، عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ریونیو میں شارٹ فال ہے، ٹیکس ریونیو کو پورا کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، نان ٹیکس ریونیو گزشتہ سال کی نسبت بہت بہتر ہے اس سے بھی شارٹ فال کا کچھ حصہ کور کر لیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی اخراجات میں تیزی آئی ہے جو کہ مثبت اشارہ ہے اور اس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو اگلے مرحلے میں لیکر جانے کیلئے کام جاری ہے، رواں مالی سال کے دوران پاکستان ریلویز کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے ایم ایل ون پر کام شروع ہو جائے گا، ملک بھر کے چاروں صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے کیلئے بھی کام جاری ہے، امید ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ہی ان کی تعمیر پر بھی کام شروع ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی نے کہا کہ سی پیک میں زراعت کو بھی شامل کیا جا رہا ہے اور زرعی شعبے میں چین کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں ایئرپورٹ اور پاور پلانٹ پر کام شروع کیاجا رہا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم کراچی کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات دینے کیلئے وفاقی حکومت ہر طرح سے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ کی ذمہ داری وفاقی حکومت نے لے لی ہے اور بسیں خریدنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، رواں سال کے دوران ہی گرین لائن کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ”کے فور“ پانی کے منصوبے پر سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرے گی، پہلے بھی 50 فیصد فنڈز دے چکے ہیں اور آگے بھی جو کام ہو گا وفاقی حکومت 50 فیصد فنڈز دے گی۔








