سیالکوٹ۔5دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی دلچسپی سے131سالہ تاریخی گورنمنٹ مرے کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جارہا ہے جس سے طلبا و طالبات کو ایم اے، ایم ایس ای کے ساتھ ساتھ ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے میں آسانی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پی پی ایل اے لوکل یونٹ گورنمنٹ مرے کالج کی تقریب حلف برداری سے کالج لان میں دوران خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر پی پی ایل اے پروفیسر عرفان روف بٹ، جنرل سیکرٹری ندیم اسلام، نائب صدرآصف سلیم ،عمران سہیل چیمہ سمیت دیگر عہدیداران سے حلف لیا جبکہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اقبال کلویا، پرنسپل اسلامیہ کالج مجاہد بخاری، کلیم انجم، جنید آفتاب، محمد نور احمد اور فیصل خاور سمیت دیگر بھی موجود تھے۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر ملنے والے ایک لاکھ15ہزار ووٹروں کا حق ہے کہ میں انہیں تعلیم ،صحت سمیت دیگربنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کروں۔ صدر پی پی ایل اے پروفیسرعرفان روف بٹ نے کہا کہ وہ کالج میں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کوبہتر کرنے کے لئے اساتذہ ،والدین اور طالبعلموں سے مل کر کام کریں گے۔پرنسپل پروفیسر محمدنوازنے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان مرد قلندر ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کا تصور دیکر ہمیں دنیا کی امامت کرنے کے لئے عملی طور پر تیار ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اب ہماری زمہ داری ہے کہ ہم اپنی سمت کو درست کرکے اپنے گریبان میں جھانک کر اپنا محاسبہ کریں تاکہ ملک خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمداخلاق نے کہا کہ حکومت کی جانب ضلع سیالکوٹ میں چار سالہ بی ایس پروگرام میں ایک ہزار سے زائد طلبا و طالبات کو داخلہ دیا گیا ہے جس سے انہیں پرائیویٹ کالجز کی بھاری بھرکم فیسوں سے نجات مل گئی ہے۔