
لاہور۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس افرادی قوت کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محنت کرنے والے دیانت دار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے، دنیا بھر میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا لیول بڑھتا ہے تو لوگوں کی زندگی کے سال کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ ہمیں اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو یہاں صوبہ پنجاب میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک تقریباً 111254 ایکڑ اراضی غیر قانونی قبضہ سے واگزار کرائی جا چکی ہے۔ وزیر اعظم کو یہ بھی بتایا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز میں عملہ کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور پیشہ ورانہ لوگوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ بریفنگ کے دوران وزر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس افرادی قوت کی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محنت کرنے والے دیانت دار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور کام نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں 174.50 ملین روپے گھوسٹ ایمپلائیزسے ریکوری کی مد میں وصول کئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 18 مارچ 2019 کو سینیٹیشن ویک کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب کریں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سینی ٹیشن رورل پائلٹ پروگرام کا بھی اپریل 2019 کے آخری ہفتے میں آغاز کیا جا رہا ہے جو 107 یونین کونسلز کے 1000 دیہات میں شروع کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پلانٹ فار پنجاب مہم کا آغاز اکیس مارچ کو وزیر اعلی پنجاب اور مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کریں گے جس کے تحت دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ بریفنگ کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران صوبہ پنجاب میں 47% اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔ اوراب تک2000 ایکڑجنگلات کی زمین کو بھی غیر قانونی قابضین سے واگزار کروا یا گیا ہے۔ وزیر اعظم کو ہوا اور پانی کی آلودگی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات خصوصاً اینٹوں کے بھٹوں کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا لیول بڑھتا ہے تو لوگوں کی زندگی کے سال کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی موجودہ اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔