
اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب حکومت کی انتظامی اور مالی استعداد کار بڑھانے کے لئے اجلاس لاہور میں منعقد ہوا ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین، وزیر اورسیز پاکستانیز سید ذولفقار بخاری ، وزیر صحت ڈاکٹر عامر کیانی ، معاون خصوصی نعیم الحق، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان ، وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال، وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت ، وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، وزیر آبپاشی محمّد محسن لنگڑیال، وزیر صنعت میاں محمّد اسلم اقبال اورمختلف محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اتوار کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں معاشی ترقی کے حصول کے لئے ٹیکنالوجی ، سرمایہ کاری اور ہیومن ریسورس کے استعمال کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ ماہر معاشیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں زراعت ، صنعت، توانائی ، انفراسٹرکچراور ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ پنجاب میں زراعت اور صنعتی پیداوار میں مصنوعات کے تنوع کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے 50 شہر اور 36 اضلاع کی ترقی کے لیے پلان پر بریفنگ دی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کم سے کم 15 شہروں کو معاشی مرکز قرار دینا چاہیے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے پنجاب کی متعلقہ حکمت عملی کی منظوری دی اور کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔