لاہور۔4اپریل (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت اقلیتوں کیساتھ کھڑی ہے ،دنیا میں سب سے زیادہ اقلیتوں کو تحفظ اور مذہبی آزادی پاکستان میں ہے‘بھارت اقلیتوں کے لیے خطر ناک ملک بن چکا ہے جہاں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر اقلیتیں بھی آر ایس ایس کی دہشت گردی کا نشانہ بن رہی ہیں‘جن ممالک میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہوتیں وہ ملک تباہ ہوجاتے ہیں۔ وہ اتوار کے روز یہاںگور نر ہائوس میں ایسٹر کے حوالے سے اقلیتی ایڈ وائزری کونسل پنجاب کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔
اس موقع پرصوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم‘پولیٹیکل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب میاں کاشف اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ میں پاکستان بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کو اس بات کا مکمل یقین دلاتاہوں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف کی حکومت اقلیتوں کیساتھ کھڑی ہے اور ان کیساتھ کسی ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائیگا اور اقلیتوں کو قائدا عظم کے افکار کے مطابق مذہبی آزادی اور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی مضبوطی کے لیے وہاں بسنے والی اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ دینا لازم ہو تا ہے اور میں خود بر طانیہ میں بطور مسلمان وہاں اقلیتی رہاہوں اور مجھے پتہ ہے اقلیتوں کے کیا مسائل ہوتے ہیں، بدقسمتی سے آج ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ بدتر ین دہشت گردی ہو رہی ہے اور اس کو وہاں کے وزیر اعظم نر یندر مودی اور پولیس سمیت دیگر ادارے بھی سپورٹ کر رہے ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت میں ا قلیتوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کا نہ صرف نوٹس لیں بلکہ وہاں پر بسنے والے مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کی جان ومال کے تحفظ اور انکی مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کےلئے بھارت کی حکومت پر دبائو بھی ڈالا جائے ،پاکستانی عوام بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کیساتھ کھڑے ہیں ا ور انکے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور پاکستان کے دفاع کے لیے ہم کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کریں گے، میں آج کے دن وزیر اعظم عمران خان‘گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا بھی شکریہ اداکرتاہوں جو اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں ا ور یہاں بسنے والی اقلیتوں کو بھی صحت اور تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔