وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے نئے منصوبے متعارف کرا رہی ہے، شاہ محمود قریشی

62

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف، نوجوانوں کی مضبوط سپورٹ کے ساتھ حکومت میں آئی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے بہت سے نئے منصوبے متعارف کروا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیویارک میں پاکستانی امریکن نوجوانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جس کا اہتمام نیویارک میں پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے نوجوانوں کو سفارت خانے آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ تقریب میں شریک پاکستانی امریکن نوجوانوں نے وزیر خارجہ کو مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے نوجوانوں کے سوالات اور خیالات کو سنا اور انہیں تسلی بخش جوابات دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف، نوجوانوں کی مضبوط سپورٹ کے ساتھ حکومت میں آئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے بہت سے نئے منصوبے متعارف کروا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم صحت اور تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ خارجہ کی جانب سے منعقد کی گئی ورچوئل اسٹارٹ اپ سمٹ میں نوجوانوں کے جذبے نے مجھے متاثر کیا ہے، انہوں نے امریکن پاکستانی نوجوانوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کی بہبود کیلئے متعارف کروائے جانے والے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔