وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد بابا گرونانک کی 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹوں کا اجراء کردیا

اسلام آباد ۔ 04نومبر(اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر بابا گرونانک جی کی 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹوں کا اجراء کردیا ہے جو کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے دن فروخت کے لئے دستیاب ہوںگے۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق …

اسلام آباد ۔ 04نومبر(اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وزیر مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر بابا گرونانک جی کی 550 ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں پاکستان پوسٹ نے یادگاری ٹکٹوں کا اجراء کردیا ہے جو کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے دن فروخت کے لئے دستیاب ہوںگے۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے کرتارپور کمپلیکس میں پاکستان پوسٹ ایک ڈاکخانہ بھی کھولے گاجہاں سے سکھ یاتری یہ یادگاری ڈاک ٹکٹ خرید سکیں گے۔اس کے علاوہ اس مقصد کے لئے ایک ڈاکخانہ ننکانہ صاحب میں بھی کھولا جائے گا۔ یہ یادگاری ٹکٹ ملک بھر کے تمام ڈاکخانوں میں بھی فروخت کے لئے دستیاب ہوںگے۔ بیرون ملک مقیم خواہشمند افراد یہ یادگاری ٹکٹ کراچی فلیٹلی بیورو اور اسلام آباد جی پی او سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان ٹکٹوں کو یونیورسل پوسٹل یونین کے 192 رکن ممالک میں فراہم کیا جائے گا۔ ایسے ممالک جہاں سکھ مذہب کے پیروکار بستے ہیں وہاں پاکستانی سفارتخانوں کے تعاون سے ان ٹکٹوں کی فروخت کے لئے اقدامات کیے جائیں گے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لئے حکومت مصروف عمل ہے جس کا تصور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے دیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کے نئے پاکستان کی کوشش دراصل بانیان پاکستان کے اس تصور پاکستان کا قیام تھا جہاں مذہبی رواداری، مذہبی آزادی، ہم آہنگی اور تمام شہریوں کو یکساں حقوق مہیا ہوں۔ موجودہ حکومت روز اول سے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی اور مساوی بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مصروف عمل ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس حوالے سے سکھ برادری سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بابا گرونانک صاحب کی 550 ویں جنم دن کے موقع پر کرتار پورراہداری کھول کر سکھ برادری کو عظیم تحفہ دیں گے، وزیر اعظم پاکستان نے ایک سال کی قلیل مدت میں اپنا وعدہ پورا کر دکھایا، اس حوالے سے 9 نومبر کو ایک عظیم الشان تقریب میںکرتارپور راہداری کا افتتاح کیا جائے گا۔ تقریب میں بھارت سمیت پوری دنیا سے سکھ یاتری اس تاریخی تقریب میں شریک ہوںگے۔کرتار پور راہداری سے سکھ مذہب کے پیروکاروں کو بآسانی اپنے مقدس مقامات کی زیارت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی ممکن ہوسکے گی اور اس کے ساتھ ساتھ دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ ملے گا۔