
لاہور۔ 09 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست احساس کا نام ہے جو کمزور طبقوں کا سہارا بنتی ہے،بے گھر اور مستحق افراد کا سہارا بننے کی مہم میں مخیر حضرات کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا حوصلہ افزاءہے۔ان خیا لات کا اظہار وزیر اعظم نے ہفتہ کو یہاں پناہ گاہوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں گنجائش میں اضافہ کیا جائے اور اس ضمن میں توسیع کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں،صوبے بھر میں پناہ گاہوں کے قیام میں مخیر حضرات کی رضاکارانہ دلچسپی اور عملی خدمات حوصلہ افزاءہیں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو لاہور میں پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت اور آئندہ مہینوں میں صوبے بھر میں مزید پناہ گاہوں کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر لاہور نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ لاہور میں اس وقت پانچ پناہ گاہوں کے قیام پر کام جاری ہے جن میں سے تین پناہ گاہیںاپریل کے مہینے میں جبکہ دو پناہ گاہیںمئی2019 تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ان پناہ گاہوں کی نگرانی مخیر حضرات پر مشتمل گورننگ بورڈ کرے گا اور حکومت اس ضمن میں سہولت کار اور معاونت کا کردار ادا کرے گی۔وزیر اعظم عمران خان کو اس ضمن میں قانونی پہلوو¿ں کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں مخیر حضرات نے ہسپتالوں سے ملحقہ مریضوں کے لواحقین کے لیے قیام و طعام اور اس ضمن میں تعاون کی تجویز پیش کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے صوبے بھر میں پناہ گاہوں کے قیام میں مخیر حضرات کی رضاکارانہ دلچسپی اور عملی خدمات کی حوصلہ افزاءہے اور مکمل حکومتی تعاون کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند اور بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں میں گنجائش میں اضافہ کیا جائے اور اس ضمن میں توسیع کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔