وزیر اعظم عمران خان کی کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

83
APP47-01 ISLAMABAD: February 01 – Prime Minister Imran Khan in a meeting with PTI MNA’s from Kohat and D.I.Khan Division. APP

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا حکومت کو کرک اور ڈی آئی خان میں پینے کے پانی کے مسئلہ کے حل کیلئے پلان تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحت کے فروغ سے نہ صرف صوبائی بلکہ قومی معیشت کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں وزیر برائے امور کشمیر علی امین گنڈاپور، ممبران قومی اسمبلی شاہد احمد، نورین فاروق ابراہیم، شاندانہ گلزار اور محمد یعقوب شیخ شامل تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نعیم الحق، وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ارشد داد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام الناس کی زندگیوں میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا پی ٹی آئی حکومت کا منشور ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے پچھلے دور میں کئے جانے والے اقدامات کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تبدیلی کا عمل مستحکم ہو اور لوگوں کے معیار زندگی میں تبدیلی آئے۔ وزیراعظم نے ارکان کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔