اسلام آباد ۔ 21ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب اور ابو ظہبی کا پہلا غیر ملکی دورہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں کے لئے انتہائی خوشی کا دن تھا اور سمندر پار پاکستانی اپنے نئے وزیر اعظم کو دیکھنے کے لئے بے تاب دکھائی دیئے۔ متحدہ عرب امارات میں ایک ٹیلی کام کمپنی سے منسلک سینئر مینیجر اطہر فاروق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورہ کے لئے سعودی عرب اور بعد ازاں ابو ظہبی کا انتخاب وہاں مقیم پاکستانی برادری کے لئے انتہائی مسرت کا باعث بنا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔ہمارے سابق کپتان کے دورہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے پاکستانی عوام کے دلوں میں دونوں ممالک کے ایک دوسرے کا احترام کرنے ، محبت اور دلی جذبات کی عکاسی ہوتی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کھلے ذہن اور دلیرانہ فیصلے کرنے والا رہنما ہے اور پاکستانی عوام اپنے قائد سے بڑی توقعات وابستہ کئے ہوئے ہیں۔