
اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت / چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ عاطف آر بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق خصوصی اقتصادی زون کی فعالیت کا عمل ثمر آور ثابت ہو رہا ہے۔
پیر کو ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار خصوصی اقتصادی زونز میں اپنے یونٹوں کے قیام کے لئے امکانی مقامات کی نشاندہی کا موقع باآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ خصوصی اقتصادی زونز میں بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ صنعتی ترقی کے ہر مرحلے میں سرمایہ کاروں کی مدد کرے گا۔ سی پیک کےدوسرے مرحلے کے تحت خصوصی اقتصادی زون فیصل آباد میں 53.6ارب روپے کی سرمایہ کاری سےصنعت کاری کا آغا ز ہو گیا ہے۔ فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی (اے آئی آئی سی) میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت 53.6 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے صنعت کاری کا آغاز ہوا ہے۔
سرمایہ کاری کے لئے 15 درخواست دہندگان کی منظوری دی گئی ہے جس میں ایک چینی فرم زینگبنگ ایگریکلچر پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہے جس نے منصوبے پر 800ملین روپے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ اقتصادی زون پاکستان کے زراعت کے شعبے میں انقلاب لائے گا۔ نیز سوریا اسلم پیپر پرائیویٹ لمیٹڈ اس زون میں 100ملین کی سرمایہ کاری کرے گی۔