وزیر اعظم عمران خان کے 15 قومی پارکس بنانے کے منصوبے سے ملک کے سر سبز و شاداب رقبے میں اضافہ ہو گا ، ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ، بیروزگار نوجوان کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے

124

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو 7300 مربع کلومیٹر سے زیادہ علاقے پر مشتمل 15 قومی پارکس بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا ۔اس منصوبے سے نہ صرف ملک کے سر سبز و شاداب رقبے میں اضافہ ہو گا اور ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ بیروزگار نوجوان کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ "پروٹیکٹڈ ایریا انیشی ایٹو” کے نام سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے کے تحت ملک کے پورٹیکٹڈ ایریا کو 13فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد تک کیا جائے گا اور اس رقبہ کے مناسب انتظام اور مؤثر گورننس کو بھی یقینی بنایا جائے گا کیونکہ اس وقت زیادہ تر پورٹیکٹڈ ایریا صرف کاغذوں کی حد تک محدود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جو خود ماحولیات کی بہتری کے حوالے سے بہت دلچسپی رکھتے ہیں نے کورونا وارئس کی وبا کی صورتحال میں ملک میں ماحولیات کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے یہ منصوبہ شروع کیا۔ منصوبے کے تحت ملک کے شمالی پہاڑی، میدانی اور جنوب میں ساحلی علاقوں میں 7 ہزار 300 مربع کلومیٹر سے زائد رقبے پر 15 نیشنل پارکس بنائے جائیں گے، ان میں سے 9 کو حال ہی میں قومی پارکس کا درجہ دیا گیا تھا جبکہ 6 دیگر کا بھی اعلان کیا گیا تھا لیکن ان پر کام نہیں کیاگیا۔ اب ان تمام پارکس کو پہلی بار مکمل طور پر فعال بنایا جائے گااور ان کے مناسب انتظام و انصرام کا نظام وضع کیا گیا جائے گا۔ اس منصوبے سے ابتدائی مرحلہ میں تقریباً 5ہزار روزگار کے براہ راست مواقع میسر آئیں گے۔