وزیر اعظم عمران خا ن نے سابق کرپٹ حکمرانوںکی سیاست کابوریا بستر گول کر دیا ‘ ہمایوں اختر خان

86

لاہور۔25 دسمبر(اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خا ن نے ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزماہو کر نام نہاد تجربہ کار سابق حکمرانوںکی سیاست کابوریا بستر گول کر دیا ہے ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکارہے اور حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈے پر اوور ٹائم لگایا جارہا ہے ،معیشت کی بہتری کے ثمرات سے سب سے پہلے پسے ہوئے طبقات استفادہ کریں گے اور اس کےلئے باقاعدہ پیپر ورک کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو جن حالات میں ملک کی باگ ڈور ملی ہے تاریخ میں کسی بھی حکومت کو اس سے بد حال معیشت کی منتقلی نہیں ہوئی ۔ مسلم لیگ (ن) نے ایک سازش کے تحت حکومت میں موجود ہوتے ہوئے معیشت کو ابتر کرنے کی منصوبہ بندی کرلی تھی جس سے عمران خان پیشگی آگاہ تھے لیکن انہوں نے مایوس ہونے کی بجائے دن رات محنت کی ، دوست ممالک سے تعاون حاصل کیا اور ملک کو آئی سی یو سے نکال کر اپنے پاﺅں پر کھڑا کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی ذات یا خاندان کےلئے اقتدار میں نہیں آئے اور نہ ہی وہ کوئی کاروبار کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ہم نے ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہے اور یہ ملک کے مسائل کی جڑ ہے ۔ ابھی ہم نے بہت کام کرنا ہے اور حکومت جب اپنی مدت پوری کرکے جائے گی تو پاکستان کو ایک درست سمت مل چکی ہو گی اور کرپشن کرنے والوں کا کوئی نام لینے والا بھی نہیں ہوگا ۔