اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف مائیکرو لیول پر زراعت پر توجہ دے رہے ہیں،کپاس اور چاول کے معیاری بیج کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے کپاس اور چاول کے غیر معیاری بیج بنانے والی 392 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کمیٹی زراعت کے اجلاس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی سے کسانوں کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہو گا اور معیشت مضبوط ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے،کپاس اور چاول کے غیر معیاری بیج بنانے والی 392 کمپنیوں کا لائسنس منسوخ کیا ہے،بیج کمپنیوں کی مانیٹرنگ کے لئے اختیارات صوبوں کو منتقل کئے گئے ہیں اور اس ضمن میں مانیٹرنگ کے لئے نیشنل سیڈ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدت لانے کے لئے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کیا جا رہا ہے ،اس حوالے سےنوجوانوں کو تر بیت کے لئے چین بھیجا گیا ہے ،چین جانے والے نوجوانوں میں 10 فیصد بلوچستان کا کوٹہ رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمارا اچھا دوست ہے ،چین کی حکومت نے زرعی مشینری کا تحفہ دیا ہے جس سے اس شعبہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے دی گئی زرعی مشینری کو وفاق اور تمام صوبوں میں تقسیم کریں گے،چین کی زرعی مشینری کے استعمال سے پر فی ایکڑ پیدوار میں اضافہ ہو گا اورفصلوں کو پہنچنے والے نقصان میں کمی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر زرعی شعبے کی بہتری کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587202