اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف آج (اتوار) کو صوبہ بلوچستان میں ضلع جعفر آباد کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں حاجی اللہ دینو کا دورہ کریں گے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی مدد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے جاری کاوشوں پر بریفنگ دیں گے۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق اپنے دورہ بلوچستان کے دوران وزیر اعظم امدادی کاموں کا جائزہ لینے اور سیلاب متاثرین کا احوال جاننے کے لیے ان سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم میڈیا سے بھی مخاطب ہوں گے۔ بعد ازاں وزیر اعظم حفیظ آباد، گابی خان، قادر پور اور شکارپور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی دورہ کریں گے۔