وزیر اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطحی مباحثے میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتوں کے لئے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز روانہ

73

نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے اعلی سطحی مباحثے میں شرکت اور عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتوں کے لئے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز روانہ ہو گئے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مصروفیات میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوسرے روز بھی مصروف دن گزاریں گے۔ اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز روانگی سے قبل وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپس ملاقاتیں شامل ہیں۔

وزیر اعظم پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے زوم میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے صدر سابا کوروسی اور یورپی یونین کی صدر ارسالا وین ڈر لی این سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر اعظم مصر کی جانب سے COP 27 کے حوالے سے منعقدہ سربراہان کے بند کمرہ اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم فن لینڈ کے صدر صعولی ننستو سے دو طرفہ امور پر ملاقات کریں گے۔شام کو وزیر اعظم امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے لئے امریکن نیچرل ہسٹری میوزیم جائیں گے۔