اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آج(اتوار کو) اسلام آباد سے جنیوا روانہ ہوں گے۔
وزیر اعظم کے وفد میں وزیر خارنہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب شامل ہوں گے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم 09 جنوری 2023 کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کے ساتھ مل کر پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرنے آج (اتوار کو)جنیوا روانہ ہوں گے۔
پاکستان کانفرنس میں تعمیر نو اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کا فریم ورک پیش کرے گا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور طویل المدتی شراکت داری کی اہمیت پر زور دے گا۔ کانفرنس میں اعلی افتتاحی اجلاس کے بعد باضابطہ طور پر تعمیر نو اور سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی میں شراکت کی دستاویز کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد پارٹنر سپورٹ کے اعلانات کئے جائیں گے۔
وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس سٹیک آئوٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ کانفرنس میں سربراہان مملکت و حکومت، وزرا اور متعدد ممالک کے اعلی سطحی نمائندے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فانڈیشنز اور فنڈز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ترقیاتی تنظیموں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور آئی این جی اوز کے نمائندے بھی شرکت کریں گے