وزیر اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ پر مصر روانہ ہوگئے

200

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف "شرم الشیخ کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ”(کوپ ۔27)میں شرکت کے لیے مصر روانہ ہوگئے ہیں ۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف مصر کےلیےروانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ مصر کے سیاحتی شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی ’’کلائمیٹ امپلی منٹیشن سمٹ”(کوپ ۔27)میں شرکت کریں گے ان کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام بھی ہیں۔

دو روزہ کوپ ۔27 سربراہی عالمی کانفرنس اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منعقد کی جا رہی ہیں جس میں ماحولیاتی تبدیلی کے عوامل و مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ وزیر اعظم 7 نومبر کو کوپ -27 کے سربراہی اجلاس میں اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے جبکہ 8 نومبر کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ "کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز” پر ایک اعلی سطح کے گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔

وزیر اعظم اعلی سطح کی تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میزمیں بطور سپیکر بھی شریک ہوں گے جبکہ 7 نومبر کو ہی "مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ”جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں، میں بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر اعظم کی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنمائو ں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی ۔کوپ-27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان کے میں لاکھوں شہری اور دنیا کے دیگر حصوں میں کروڑوں افراد ماحولیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات سے نبرد آزما ہیں۔ اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر، پاکستان ماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کی فوری ضرورت کے لیے ایک مضبوط آواز بلند کرےگا،

جو مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔گروپ آف 77 تنظیم کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے، جو کہ اقوام متحدہ کے نظام میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات بشمول موضوعاتی شعبوں جیسے کہ موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف، اور صلاحیت کی تعمیر میں گروپ کی قیادت بھی کرے گا۔

کوپ اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج کے تحت فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور آگے بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرتا ہے۔ ایک اہم سٹیک ہولڈر کے طور پر، پاکستان عالمی موسمیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔\