وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات

66

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر مملکت اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی شریک ہوئے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا راز ہے۔ ملاقات میں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور سماجی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی وزیر کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے جلد ملک کو درپیش چیلنجز پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔