وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو کی ملاقات

136
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو کی ملاقات

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور باہمی مفاد کے معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی اور پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور اقتصادی ترقی کے لئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئرن برادرز اور پرانے دوست ہونے کے ناطے پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کاساتھ دیا ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے چین کی قیادت کے پختہ عزم کو سراہا۔

پاکستان اور چین کے تعلقات میں بہتری اور اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو وسعت دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لئے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان عالمی ترقیاتی اقدام ا ور سی پیک کے تحت ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان کے لئے چین کی حکومت کی طرف سے نیک خواہشات اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے چین کی ناظم الامور نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان چین کا سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والا دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کا خصوصی مقام ہے اور ہم تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) سے متعلق پہلے اعلیٰ سطحی فورم میں ورچوئل شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی ناظم الامور نے دونوں ممالک کی قیادت کے تصور کے مطابق پاکستان میں جی ڈی آئی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے چین کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم منصوبہ ہے اور چین کی قیادت سی پیک کو بی آر آئی کے اعلیٰ معیار کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مالی استحکام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔