اسلام آباد/شیخوپورہ۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پہلے ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب استحکام کی طرف گامزن ہیں، بدترین مخالفین کے منہ سے معاشی بہتری کا اعتراف ہمارے بیانیے کی سچائی کا اہم ثبوت ہے، 2030 تک گروتھ ریٹ 6 فیصد اور ایکسپورٹ 60 ارب ڈالر تک لے جانا ہمارا ہدف ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کے ادارے (سمیڈا) کے لیے بہت بڑا اور آسان پروگرام لا رہے ہیں، چھوٹے اور درمیانے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جس کے لئے دو ماہ تک انقلابی پروگرام لائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ2030 تک گروتھ ریٹ 6 فیصد اور ایکسپورٹ 60 ارب ڈالر تک لے جانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پہلے دور حکومت کے دوران ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب استحکام کی طرف گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدترین مخالفین کے منہ سے معاشی بہتری کا اعتراف ہمارے بیانیے کی سچائی کا اہم ثبوت ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ 9 مئی صرف سیاسی دہشت گردی نہیں بلکہ بغاوت تھی، ملکی سالمیت کے اداروں اور وفاق پر حملہ کے ذمہ داران ہر صورت سزا کے مستحق ہیں۔