وزیر اعظم محمد شہباز شریف کازیر تعمیر ساگو پل کا معائنہ

289

ڈی آئی خان ۔7ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ ڈی آئی خان میں ساگو پل پر کام کی رفتار کا معائنہ کیا اور منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کرنے پر متعلقہ حکام کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے اپنے دورے میں پل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں کام کی رفتار کا جائزہ بھی لیا۔پل معائنہ کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پروزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر کام زوروں پر ہے اور پل کو جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔وزیراعظم نے وہاں خیموں میں رہائش پذیر سیلاب متاثرین کو بھی ہاتھ ہلایا۔واضح رہے کہ ڈی آئی خان میں حالیہ طوفانی سیلاب سے پل بہہ گیاتھا۔

حالیہ سیلاب کے بعد وزیراعظم کا ڈی آئی خان کا یہ دوسرا دورہے اس کے علاوہ انہوں نے ٹانک، نوشہرہ، چارسدہ، سوات اور کوہستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا معائنہ کیا۔