لاہور ۔9جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران امن اور مذاکرات کے لیے متوازن موقف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اور تاجکستان کے برادر عوام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار تاجکستان کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کے دوران کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ٹیلیفونک گفتگو کے دوران تاجکستان کے صدر جناب امام علی رحمان اور تاجکستان کے برادر عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ خوشگوار اور گرمجوش ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ دوشنبے کے دوران اپنی اور پاکستانی وفد کی فراخدلانہ مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور تاجکستان کو گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران امن اور مذاکرات کے لیے متوازن موقف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور اسی جذبے کے تحت پاکستان نے امریکا اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی میں بھارت کے ساتھ جنگ بندی مفاہمت پر اتفاق کیا تھا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے حوالہ سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بتدریج فروغ پذیر تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔
صدر امام علی رحمان نے ٹیلیفون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔