لندن۔5مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیر اعظم رشی سنک سے یہاں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا جبکہ شاہ چارلس اور برطانیہ کے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےدولت مشترکہ ممالک کے رہنمائوں کے اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور وزیراعظم رشی سنک سے ملاقات میں نئے بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریبات کے لیے منعقد ہونے والی دو روزہ تقریبات کے لیے شاندار انتظامات پر دونوں برطانوی شخصیات کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں برطانیہ کی فراخدلانہ مدد کی بھی تعریف کی اور شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے تجویز دی کہ دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے ایک مشترکہ کمیشن کے قیام کی تجویز پیش کی جس کی سربراہی دونوں ممالک کے سربراہان کریں۔ بادشاہ چارلس سوئم اور برطانوی وزیراعظم رشی سنک نے بھی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور برطانیہ کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کے حوالے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کی تعریف کی۔