خانکندی۔4جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تمام اہم شعبوں میں تعلقات میں بامعنی پیش رفت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیاہے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے 17 ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے ترکیہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور اہم علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تمام اہم شعبوں میں تعلقات میں بامعنی پیش رفت کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنمائوں نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس مقصد کے لیے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر اتفاق ہوا تاکہ دونوں رہنمائوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کو جلد حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے ترکی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔