وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حضرت خضر کمپلیکس میں ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

341
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی حضرت خضر کمپلیکس میں ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری ،فاتحہ خوانی کی

سمر قند۔15ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمعرات کو ازبکستان کے دورے کے موقع پر ہوائی اڈے سے سیدھے سمرقند میں حضرت خضر کمپلیکس گئے اور ازبکستان کے بانی رہنما اسلام کریموف کے مزار پر حاضری دی۔اس موقع پر ازبکستان کی اعلی قیادت،وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بھی انکے ہمراہ تھے۔

وزیر اعظم نے ازبکستان کے بانی اسلام کریموف کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔آٹھویں صدی میں تعمیر ہونے والی مسجد خضر فن تعمیر کا بہترین شاہکار ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے سمرقند پہنچے ہیں۔

وزیر اعظم آفس کےمیڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیرِ اعظم صدر تاجکستان امام علی رحمن اور صدر ازبکستان شوکت مرزئیوف سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔بعد ازاں وزیراعظم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔

وزیرِ اعظم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، بیلا روس کے صدر الیگزینڈر گریگوری-وچ لوکا-شینکو اور صدر کرغستان سیدر جاپاروف سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اسکے بعد وزیرِ اعظم ازبک صدر کی طرف سے سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے۔عشائیے کے بعد وزیرِ اعظم ترکیہ کے صدررجب طیب اردگان سے ملاقات کریں گے۔