ولاہور۔13فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ سوچ کی بدولت پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کی دنیا معترف ہے ،سول و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک پیج پر ہیں ، ملک میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ، وزیر اعلی مریم نواز پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے دن رات محنت کر رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ ”پنجاب ڈائیلاگ برائے قیامِ امن اور سماجی ہم آہنگی” کے سیشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرنیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)کے نمائندوں، پنجاب حکومت کے اراکین و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی باصلاحیت ٹیم کے ہمراہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں ،انہوں نے سر توڑ کوششیں کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،مسلم لیگ ن نے ریاست کو بچا کر اپنی سیاست کی قربانی دی کیونکہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوتی ہے ، محمد نواز شریف کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے پاکستان کو اندھیروں سے نکالا گیا ، دہشت گردی کا قلع قمع کر کے ملک میں امن و امان کی فضا بحال کی گئی ،روز گار کے وسیع مواقع پیدا کئے گئے اور مہنگائی میں خاطر خواہ حد تک کمی کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) ایک عوامی جماعت ہے اور اسے عوام کے مسائل کا ادراک ہے جنہیں حل کر نے کیلئے وزیر اعظم محمدشہباز شریف اور پنجاب میں وزیر اعلی مریم نواز ہمہ وقت کوشاں ہیں ،پاکستان جو امن، محبت اور ترقی کے اصولوں پر قائم ہوا تھا، اب استحکام اور خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، موجودہ حکومت ملک میں قیامِ امن، معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں سے ملک کا مستقبل روشن ہو رہا ہے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایساپاکستان دینا چاہتے ہیں کہ جہاں مایوسی کی جگہ بہتر مستقبل کی امید ہو، ذہنی نشوونما مثبت ہو اور ہمارے نوجوان عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں، جیسے ارشد ندیم نے اپنی محنت سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اب استحکام آ رہا ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جو سرمایہ کار پہلے پاکستان میں سرمایہ لگانے سے ہچکچاتے تھے، اب اعتماد کے ساتھ بڑی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کے پیشِ نظر حکومت نے تعلیم کے شعبے میں ریکارڈ بجٹ مختص کیا ہے تاکہ ہر نوجوان کو معیاری تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔
رانا مشہود نے دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان طویل عرصے تک اس عفریت کا شکار رہا لیکن اب حکومت مکمل عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے، ماضی کی حکومت نے اس حوالے سے کو ئی اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے آج ایک مرتبہ پھر پاکستان میں دہشت گردی کی لہر پیدا ہو گئی ہے جو ایک افسوسناک بات ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور محبت کرنے والی قوم ہیں،اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی مثبت شناخت کو دنیا میں مزید اجاگر کریں۔رانا مشہود نے نیشنل کا ئونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ قومی ہم آہنگی اور ایک مضبوط قومی بیانیہ تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،میں نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو پاکستان کو ایک محفوظ اور مستحکم ملک بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔