وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملنڈا اینڈ بل گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ملاقات

311

نیویارک۔22ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملنڈا اینڈ بل گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی اور پاکستان میں سیلاب کے باعث حالیہ تباہی سے آگاہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے ہیں اور انسداد پولیو مہم اور پرائمری ہیلتھ کی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈ یا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے انہیں سیلاب کے عوام کی زندگی اور ذرائع معاش پر اثرات، صحت عامہ اور حکومت کی جانب سے مشکلات کے ازالہ کیلئے فوری اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بل گیٹس نے سیلاب کے تناظر میں پاکستانی عوام کی مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی فائونڈیشن اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت اور شراکت داری جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بل گیٹس فائونڈیشن بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں سمیت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے ان سے سیلاب کے نتیجہ میں حفاظتی ٹیکوں، ذہنی صحت کی خدمات اور بالخصوص انسداد پولیو سے متعلق اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں زچہ و نوزائیدہ بچوں کی ضروریات کو ترجیح دینے کا اعتراف کیا اور پاکستان میں امدادی کوششوں پر فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ انسداد پولیو سے متعلق دونوں رہنمائوں نے سیلاب کے باعث بالخصوص پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں مشکل صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بڑے شہروں میں پولیو کو دوبارہ پھیلنے سے روکنے اور 2022ء کی یادہانی کے ذریعے ہر ضرورت مند بچے تک پولیو ویکسین کی فوری فراہمی کیلئے پولیو کے شراکت دار ممالک سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بل گیٹس نے انسداد پولیو کو اپنی ترجیح قرار دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی نگرانی کیلئے سرویلنس سسٹم کو وضع کرنے سمیت بچوں کو زندگی بچانے والی ویکسین کی فراہمی میں مدد اور انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے پولیو پروگرام کو بروئے کار لانے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا۔

بل اینڈ ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے زیرنگرانی پولیو پوگرام کے تحت پاکستان بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں 1200 صحت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے قریبی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا تاکہ پاکستان میں زرعی ترقی اور مستقبل میں موسمیاتی آفات کے تناظر میں پائیدار انفراسٹرکچر کی تعمیرنو سمیت صحت اور ترقی پر پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔