
کراچی۔ 19 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جمعہ کو یہاں ترکی کے تعاون سے تیار کئے گئے پاک بحریہ کے بڑے وارشپ فلیٹ ٹینکر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں پاکستان اور ترکی کے اعلیٰ حکام اور پاک بحریہ کے افسرا ن اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے فیتہ کاٹ کر فلیٹ ٹینکر کا افتتاح کیا۔ کراچی شپ یارڈ کے پلیٹ فارم پر فیتہ کاٹنے کے بعد 17ہزار ٹن کے فلیٹ ٹینکر کو ٹگ بوٹ کی مدد سے سمندر میں اتارا گیا ۔ یہ فلیٹ ٹینکر وزارت دفاعی پیداوار اور پاک بحریہ کے تحت ترکی کی میسرز سوونما ٹیکنو لوگیلر محندیسلک نے تیارکیا ہے ۔ پاک بحریہ کا یہ فلیٹ ٹینکر لاجسٹک ضروریات کو پوری کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔اس فلیٹ ٹینکر کا ڈیزائن ترکی نے بنایاہے اور اسے کراچی شپ یارڈ و انجینئرنگ ورکس نے تیار کیاہے۔ فلیٹ ٹینکر کا ڈیزائن عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔اپنے جدید ڈیزائن کی وجہ سے یہ فلیٹ ٹینکر د نیا کی کسی بھی بندرگاہ پر بآسانی لنگر انداز ہو سکے گا۔