وزیر اعظم محمد نواز شریف کا اجلاس سے خطاب

148
APP48-02 ISLAMABAD: May 02 – Prime Minister Muhammad Nawaz Sharif chairing Council of Common Interests (CCI) meeting. APP

اسلام آباد ۔ 2 مئی (اے پی پی) مشترکہ مفادات کونسل میں کچھی کینال کیس میں بد عنوانی میں ملوث حکام کو عبرتناک سزادینے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبے کبھی بھی بروقت مکمل نہیں کیے گئے اور لاگت میں اضافہ معمول بن گیا لہٰذا آئندہ سے تمام منصوبوں کو منظور شدہ لاگت اور نظام الاوقات کے اندر نہایت شفافیت کے ساتھ مکمل کیاجائے ۔ مشترکہ مفادات کونسل ( سی سی آئی) کااجلاس وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت منگل کو یہاں منعقد ہوا جس میں پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نے اجلاس کو 16دسمبر 2016ءکو سی سی آئی کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ سی سی آئی نے کچھی کینال کیس میں بد عنوانی کے الزامات کی تحقیقات پر غور کرتے ہوئے متفقہ طورپر فیصلہ کیاکہ کیس میں ملوث تمام حکام کو عبرتناک سزا دی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ گزشتہ ترقیاتی منصوبے کبھی بھی بروقت مکمل نہیں کئے گئے اور لاگت میں اضافہ معمول بنتا گیا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ سے تمام منصوبہ جات منظور شدہ لاگت اور مقررہ مدت کے اندر نہایت شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں ۔سی سی آئی نے ہائر ایجوکیشن اور 18ویں ترمیم کے بعد کے تناظر میں دیگر ایسے ہی اداروں سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے کے لئے تمام صوبائی نمائندوں کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی کے ساتھ میٹنگ کی ہدایت کی ۔