
نیویارک ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کو یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی‘ سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ تین سال کے دوران امریکی صدر کے ساتھ اپنی تعمیری ملاقاتوںکا ذکر کیا اور زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات‘ باہمی خواہش پر محیط رہے ہیں اور یہ شراکت داری علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنانے کےلئے اہم ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جان کیری کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے میں پاکستان کی مسلح افواج‘ سیکورٹی اداروں اور پولیس کی کوششوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان امن و سلامتی کے حوالے سے باہمی مفادات رکھتے ہیں۔ جان کیری نے موجودہ حکومت کی اقتصادی بحالی اور آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل کی تعریف کی۔ انہوں نے بجلی کے مختلف منصوبوںکی تکمیل کے ذریعے سسٹم میں ہزاروں میگا واٹ بجلی شامل کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور تعلیم کےلئے کوششیں مثبت ہیں۔