
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت جمعرات کو یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران سڑکوں کی تعمیر اور ٹرانسپورٹیشن کے مختلف منصوبوں کاجائزہ لیا گیا ۔ وزیراعظم میڈیا سیل کے مطابق اجلاس کے دوران فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیواو) کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے اجلاس کے شرکاءکو سڑکوں کی تعمیر کے مختلف جاری اور نئے منصوبوں کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے) کے چیئرمین شیخ انصر عزیز نے اجلاس کو پشاور موڑ اسلام آباد سے نئے ایئرپورٹ تک میٹرو بس کے ذریعے رابطے کے بارے میں بریفنگ دی۔