وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات

155

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صدر مملکت ممنون حسین سے پیر کو ایواِن صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ملک کی عمومی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم کو صحت یابی پر ایک بار پھر مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نواز شریف پوری توانائی کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت توانائی کے جاری منصوبوں ، امن و امان کی صورت حال ، آپریشن ضرب عضب اور قومی معیشت کے احیاءکے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر صدر مملکت کو مختلف امور میں حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے بھی آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اوران کی اقتصادی ٹیم اپنی مضبوط حکمت عملی کے تحت قومی معیشت کی بہتری کےلئے قابِل قدر کردار ادا کر رہی ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔ دونوں رہنماوں نے اپیل کی کہ ملک میں استحکام اور ترقی کےلئے ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔ دونوں رہنماوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کےلئے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کےلئے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کے دوران قومی سرمائے کے درست اور شفاف استعمال کو ہر صورت میں یقینی بنائے گی اور بدعنوانی کو کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔