
ہانگ ژو ۔ 16 مئی (اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ پاک چین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور پورے خطے اور دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ چین کی کیمونسٹ پارٹی کی ژی جیانگ صوبائی کمیٹی کے سیکرٹری چی جن نے منگل کو وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅ ں میں پاکستا ن اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاکہ پاکستان اور چین کا بھائی چارہ فولاد سے بھی مضبوط ہے اور تمام بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کے دائرہ کار میں وسعت کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) چین کے صدر شی جن پنگ کے ون بیلٹ اینڈ ون روڈ کے نظریئے کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک عوام کی فلاح و بہبود ، ترقی اور خوشحالی کے لئے اکٹھے ہیں۔ کمیٹی کے سیکرٹری چی جن نے وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ اور ثقافت پر قائم ہیں اور دونوں قومیں عوام کے عوام سے رابطوں کی سطح پر دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہیں۔