حضرو ۔3جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ ٹی بی ایس کی منظوری سے حضرو شہر میں سوئی گیس کے پریشر کم ہونے میں مدد ملے گی ، بہت جلد ایک ٹی بی ایس اٹک میں بھی لگایا جا رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خگوانی چوک میں حضرو شہر کی سوئی گیس کے کم پریشر کی بحالی کے سلسلہ میں لگائی جانیوالی ٹی بی ایس کی افتتاحی تقریب کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقداما ت اٹھا رہی ہے،
وزیر اعظم عمران خان جلد ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے، وہی امید کی آخری کرن ہیں، وزیر اعظم ملک لوٹنے والوں کیساتھ ساتھ مہنگائی کے خلاف بھی عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹک میں علامہ اقبال یونیورسٹی ،ائیر یونیورسٹی 45واٹر فلٹریشن پلانٹس جبکہ سوئی گیس سے محروم علاقوں کیلئے سوئی گیس کی منظوری بھی ہو چکی ہے،
پابندی ختم ہونے کے بعد ان علاقوں کو بھی سوئی گیس فراہم کر دی جائے گی، ٹراما سنٹر وزیر اعظم سے میں نے منظور کروایا تھا جس کا ہر فرد گواہ ہے، ہماری سیاست حق اور سچ کی ہے ، مخالفین کو در بدر پھرتا اٹک کے عوام دیکھ رہے ہیں ، جھوٹی سیاست کی ہے اور نہ ہی آئندہ کرینگے ۔
منصوبے پر25لاکھ روپے لاگت آئے ہیں۔ اس موقع پر ملک شمشیر اسلم،تحصیل صدر پی ٹی آئی حضرو اشفاق خان ،محمود خان ،منا سرفراز ڈار ،ملک اعجاز ،ملک اظہر حسین ،حاجی شعیب حمیدی ،قیصر خان باسط مشتاق میر،الطاف خان لودھی ،تیمور خان ،ملک اجمل ،طارق ٹوانہ کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے ۔