غذر/ گاہکوچ ۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کے کونے کونے میں پہنچ کر عوام کی خبر گیری کر رہے ہیں، تمام متاثرین کی اپنے گھروں میں منتقلی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، ضلع غذر کے چھ پلوں کی تعمیر کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے 3 ارب روپے کا اعلان کیا ہے،گلگت بلتستان کے خصوصی دورہ کے دوران کئے گئے وعدے کی تکمیل کے لئے سیلاب زدگان کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے حاضر ہوا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاہکوچ میں میڈیا کو پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ قبل ازیں مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ گلگت بلتستان دورے پر غذر پہنچے، غذر میں سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقے بوبر کا دورہ کیا اور سیلابی ریلے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔قمر زمان کائرہ نے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین میں 10 ، 10 لاکھ کے چیک تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن سہولیات دیں گے،گلگت بلتستان سمیت پورا پاکستان سیلا ب سے تباہی کا شکار ہوا ہے، بوبر ، گلگت بلتستان کا پہلا علاقہ ہے جہاں مکمل بحالی کا کام زور و شور سے شروع ہو چکا ہے، بوبر کی سڑکوں کی بحالی اور متاثرین کے لیے متبادل گھر بننے شروع ہو گئے ہیں، مشیر امور کشمیر کو گلگت بلتستان میں بحالی کے کاموں سے متعلق چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے بریفنگ دی۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں بحالی کے کاموں میں متحرک انداز میں کام کرنے پر انتظامیہ کی تعریف کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پورے پاکستان میں سیلابی صورت حال ہے، سیلابی صورت حال کے پہلے دن سے ہی حکومت عوام کے ساتھ ان کی مدد کیلئے حاضر ہے، وزیر اعظم شہباز شریف ملک کے کونے کونے میں پہنچ کر عوام کی خبر گیری کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کا خصوصی دورہ بھی کیا اور وزیر اعظم نے بوبر گائوں میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے 24 گھنٹے کے اندر معاوضہ دینے کا وعدہ کیا، اسی وعدے کی تکمیل کیلئے میں آپ کے سامنے حاضر ہوا ہوں، حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تمام متاثرین جب تک اپنے گھروں میں منتقل نہیں ہوجاتے تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور سیلاب متاثرین کی خدمت کو ہم عبادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبوں کے وزرائے اعلی کو سیلاب کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی لیکن افسوس اس اہم اجلاس میں کے پی کے اور جی بی کے وزیر اعلی نے شرکت نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حالات میں پارٹی بازی اور سیاست نہیں کرنا چاہئے، ہمارے سامنے صرف اور صرف سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد اور بحالی ہونا چاہئے ، وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا سروے گلگت بلتستان سے شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع غذر کے چھ پلوں کو تعمیر کرنے کیلئے وزیر اعظم نے خصوصی ہدایت جاری کر دی ہیں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تکنیکی ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی ہے، بہت جلد پلوں کی تعمیر شروع کر دی جائے گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلابی پانی کے چینلز کو ٹھیک کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دی گئی ہیں اور سروے کے مطابق متاثرین کو معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے 3 ارب روپے کا اعلان کیا ہے، ضرورت پڑنے پر مزید فنڈز بھی جاری کر دیئے جائیں گے۔